خوشاب، 21مئی(اے پی پی): ضلع خوشاب میں مختلف مقامات پر اسرائیلی ظلم کے شکار فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں، جوہرآباد مین ریلی مرکزی جامع مسجد سے شروع ہو کر کالج چوک پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ خوشاب میں دربار گھوڑے شاہ اور پرانا چوک سے ریلیاں نکالی گئیں جو تھانہ چوک پر اختتام پذیر ہوئیں، ان ریلیون کا انعقاد مختلف سیاسی، سماجی، ثقافتی ،مذہبی اور تاجر تنظیموں نے کیا تھا۔
فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والے ظلم اور بربریت کے خلاف ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھے رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت کی پر زور الفاظ میں مذمت کی گئی تھی۔
ریلی کے شرکاء نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کے جارحیت ظلم و ستم اور بمباری سے فلسطین کی بہنوں ماؤں اور نہتے بچوں کو شہید کیا جا رہا تمام اسلامی ممالک مل کر اسرائیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں تاکہ ظلم وتشدد کے شکار ہونے والے فلسطینیوں کو آزادی نصیب ہو۔
مقررین کا کہنا تھا کہ تمام دنیا کے مسلمانوں کو اپنے قبلہ اول بیت المقدس کی حرمت کو برقرار رکھنے کے لئے متحد ہونا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ مسجد اقصی کی حرمت تمام عالم اسلام کے ایمان کا بنیادی جزو ہے ۔
اس موقع پر اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
خوشاب جوہرآباد کے علاوہ نور پور تھل قائد آباد نوشہرہ مٹھہ ٹوانہ مین بھی فلسطینیون کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیان نکالی گئیں اور جمعہ کے اجتماعات میں علماء کرام نے اپنے خطبات میں فلسطینی اور کشمیری عوام پر کفار کے ظلم وبربریت کی مذمت کی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی دعائیں کیں ۔