ریاست  مدینہ میں کمزور طبقہ کا خیال رکھا گیا اور طاقتور لوگوں کو قانون کے تابع بنایا گیا، آج بھی ان عظیم اصولوں پر عمل کرنے والے معاشرے خوشحال ہیں  ، وزیراعظم عمران خان  

18

اسلام آباد،27مئی  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ قانون کی حکمرانی اور انسانیت کی بھلائی کی بنیاد پر قائم ہوئی، مسلمانوں نے جب بھی ان اصولوں پر عمل کیا کامیاب ہوئے، جن ممالک نے ان اصولوں پر عمل کیا وہ ترقی کر گئے، جو اقوام قانون  کی حکمرانی پر عمل نہیں کرتیں تباہ ہو جاتی ہیں، امید ہے مسلمان ممالک ریاست مدینہ کے بنیادی اصولوں پر عمل کرکے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت محمدﷺکی سیرت مبارکہ میں تہذیبی اقدار کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد رباط اسلامک ورلڈ ایجوکیشنل، سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن نے کیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حضور اکرمﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد پر دنیا کی عظیم ترین تہذیب قائم کی جس کے دو بنیادی اصول قانون کی حکمرانی اور فلاحی ریاست تھا، ہمارے پیغمبرﷺنے فرمایا تھا کہ ان کی صاحبزادی بھی اگر جرم کریں گی تو وہ سزا پائیں گی۔