سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرکی زیرقیادت ارکان پارلیمنٹ کی جمعہ کوفلسطینیوں سےاظہاریکجہتی کیلئےشاہراہ دستورپرواک

17

 

اسلام آباد، 21مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرقیادت ارکان پارلیمنٹ نے جمعہ کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شاہراہ دستور پر واک کی۔ اس موقع پر سینٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم سمیت بڑی تعداد میں ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ نے شرکت کی، بعدازاں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ اقوام متحدہ کے دفتر جا کر قومی اسمبلی سے 17 مئی کو منظور ہونے والی متفقہ قرارداد کی نقل اقوام متحدہ کے نمائندے کے حوالے کی۔

ارکان پارلیمنٹ نے پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واک کی قیادت کی۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل پارلیمنٹ اور پوری قوم کی آواز بن چکا ہے اور پوری پارلیمنٹ اس معاملہ پر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ امریکہ سے قبل متفقہ قرارداد منظور کی۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری مسلم اُمّہ اور او آئی سی کو متحد ہونا ہوگا اور فلسطین اور کشمیر کیلئے اب ہمیں اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنگ بندی کا اعلان خوش آئند ہے تاہم اسرائیل جو جنگی جرائم کر رہا ہے، دنیا کو اس پر سنجیدہ فیصلے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا اجلاس جمعرات کو طلب کیا گیا ہے، پاکستان کی جانب سے اجلاس بلانے کی درخواست کی گئی تھی۔

سپیکر نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 235 فلسطینی شہید ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں پر مظالم سے ان کی آواز خاموش نہیں کرائی جا سکتی۔ اسرائیل اور فلسطین کی لڑائی غیر قانونی قبضے اور استصواب رائے کی ہے، اسرائیلی ظلم فورتھ جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن کے حصول کیلئے عالمی کانفرنس بلانے کی فلسطینی صدر محمود عباس کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، ہم فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کیلئے جاری جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان فلسطین کیلئے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔