سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان سےملائیشیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر کی الوادعی ملاقات

16

اسلام آباد,26مئی  (اے پی پی):پاکستان سےملائیشیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم نے بدھ کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے الوادعی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر  تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر اسد قیصر نے ملائیشیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر کی دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے پیش کی جانے والی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔پاکستان ملائیشیا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین جیسے مننازع مسائل کا حل عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے۔فلسطین پر اسرائیلی جارحیت انتہائی قابل مذمت ہے ۔ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے لیے مسلم ممالک کے مابین اتحاد ویکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے ملائیشین حکومت کا موقف قابل ستائش ہے۔اسلامو فوبیا کے تدارک کے لئے مسلم ممالک کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لئے پاکستان اور ملائیشیا کی پارلیمانوں کے مابین قریبی رابطے ضروری ہیں۔ ملائشیا کے سفیر نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔پاکستان میں قیام کے دوران پاکستانی عوام سےجو محبت ملی وہ ناقابل فراموش ہے۔ پارلیمانی وفود کے مابین تبادلے دونوں ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ ملائیشیا مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن چاہتا ہے ، اکرام بن محمد ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی ملائیشیا ترقی میں خدمات قابل ستائش ہیں،مسلم مما لک کے مابین اتحاد ویکجہتی مسلم امہ کو در پیش مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔