سکھر:پی ٹی آئی راہنما مبین جتوئی کی درخواست پر ریلوے ایراضی اور کوارٹروں پر قبضے ختم کرانے کے لئے آپریشن 15دن کے لئے روک دیا گیا

37

سکھر,26مئی(اے پی پی ): پی ٹی آئی راہنما مبین جتوئی کی درخواست پر ریلوے ایراضی اور کوارٹروں پر قبضے ختم کرانے کے لئے آپریشن روک دیا گیا،علاقہ مکینوں کو دو ہفتوں کی مہلت دے دی گئی،قبضے ختم نہیں ہوئے تو15 دن بعد آپریشن دوبارہ شروع کیا جائیگا۔ مطابق پاکستان ریلوے سکھر ڈویڑن کی جانب سے ریلوے کی ایراضی اورکوارٹر قابضین سے خالی کرانے کیلیے گزشتہ روز آپریشن شروع شروع کیا گیا ، ریلوے انتظامیہ نے روہڑی میں ہیوی مشینری کے ساتھ علاقہ لوکوشیڈ اور نیو یارڈ میں آپریشن کیا ۔

 بلڈوزر اور کرینوں کے ذریعے ریلوے کی اراضی پر بنے کئی گھر اور دکانیں مسمار کردی گئیں۔ بدھ کوسکھرمیں ریلوے پولیس اور مقامی انتظامیہ نے ڈی ایس ریلوے طارق لطیف کی نگرانی میں گرم گودی کے علاقہ میں آپریشن شروع کیا، آپریشن شروع ہوتے ہی سینکڑوں علاقہ مکین گھروں سے باہرنکل آئے اور پولیس کے خلاف بھرپور مزاحمت اور پتھراﺅ شروع کردیا، پتھراﺅ اور ہنگامہ آرائی میں کئی افراد اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈی ایس ریلوے سکھرطارق لطیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی ایراضی، کوارٹرزاور دیگراملاک پر ناجائز اور غیرقانونی قبضوں کے خلاف آپریشن کیا گیا جس میں قابضین نے ریلوے سٹاف اور پولیس پر فائرنگ کی اور پتھراﺅ کیا جس کے باعث ہمارے 20 اہلکار اور سٹاف کے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے 10 سے زائدافرادکو حراست میں لے لیا ہے،مزاحمت سے نمٹنے کے لئے مزید پولیس نفری طلب کرلی گئی۔