سکھر،13مئی(اے پی پی): ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی جمعرات کے روز عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔کورونا وائرس کے پیش نظرکئی جگہوں پر نماز عید کے موقع پر حکومت کی جانب سے عائد کردہ ایس او پیز کا خیال رکھا گیا، دن کا آغاز نماز فجر کے وقت اللہ عزو جلالہ کی عظمت وکبریائی کے اظہار کیلئے باآواز بلند پڑھی جانیوالی تلبیہ اور تسبیحات پڑھنے کے اہتمام سے کیا گیا، عیدالفطر کے موقع پر گلشن عیدگاہ ، جناح میونسپل اسٹیڈیم ، جامع مسجد بند روڈ ، نمائش گراونڈ پرانے سکھر، مساجد مرکزی امام بارگاہ سمیت ضلع بھر میں 230 سے زائد مختلف چھوٹے بڑے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔
علاوہ ازیں نماز عید کے اجتماعات کے خطبات میں آئمہ مساجد و خطباءنے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے عید کے اہم دن کے موقع پرباہمی احترام، مذہبی رواداری کی تلقین کی۔
نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، اسلام کی سربلندی، دنیا ئے عالم سے کورونا وائرس کی وباء کے خاتمہ، کورونا وائرس ،غزہ میں اسرائیلی بمباری اورمیزائل حملوں کے شہداء کے ایصال ثواب، مقبوضہ کشمیر کی آزادی، بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کے تحفظ سمیت عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات اٹھائے گئے تھے، مرکزی عید گاہ، مساجد، امام بارگاہوں اور عید کی نماز کے مقامات پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔