سیالکوٹ؛ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صحافی برادری کیلئے کورونا ویکسینیشن کا افتتاح کر دیا

31

سیالکوٹ،23مئی(اے پی پی): معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں صحافی برادری کی کورونا ویکسی نیشن کا افتتاح کر دیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں اپنے ہاتھوں سے صحافیوں کو کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسینیشن کے ٹیکے لگائے ۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کورونا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ویکسینیشن کے عمل کو تیز تر بنائے ہوئے ہے،شعبہ صحافت سے وابستہ افراد، ڈاکٹرز، پیراپیڈیکس کے بعد فرنٹ لائن ورکرز کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس کے پیش نظرصوبہ کے تمام اضلاع میں صحافیوں کی ویکسینیشن کا عمل کا آغاز کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے،حکومت میڈیاکو انڈسٹری کا درجہ دینے جاری ہے جس سے صحافی کمیونٹی کے مسائل حل ہونگے ان کو اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کا پورا معاوضہ ملے گا اور ان کو معاشی اور سماجی تحفظ ملے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آزادی صحافت پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے ،پی ٹی آئی صحافت کو اسکی اصلی روح کے مطابق بحال کر رہی ہے، رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ پر مکمل عملدرآمد ہوگا اورملت کے ہر فرد کو ہر طرح کی انفارمیشن حاصل کرنے ک حق ہے جس کیلئے پنجاب انفارمیشن کمیشن کام کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ  پنجاب حکومت کورونا سے متاثرہ صحافیوں کی بھرپور معاشی مدد کررہی ہے اور اب تک 378 صحافیوں میں2 کروڑ 49 لاکھ 39 ہزار کی خطیر رقم  ضرورت مند صحافیوں کو فراہم کی گئی ہے، صرف2020-21میں 212 صحافیوں میں ایک کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار کی رقوم کی تقسیم کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ کورونا سے متاثرہ 108 صحافیوں کو 6.15 ملین کی سپورٹ فراہم کی گئی۔انہوں نے کہاکہ آج سیالکوٹ کے صحافیوں کیلئے کورونا ویکسینیشن سنٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پنجاب حکومت ہر ڈویژن میں صحافی کالونی کے ذریعے صحافی برادری کو چھت فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے جبکہ جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے ذریعے صحافی برادری کیلئے صحافتی امور کی انجام دہی کا عمل آزاد اور بے خوف و خطر بنا رہے ہیں، سابقہ حکومتوں نے دوسرے شعبوں کی طرح شعبہ صحافت میں بھی گند گھولا گیا ،ہم سمجھتے ہیں میڈیا معاشرے کا آنکھ اور کان ہے ،ہماری حکومت میڈیا کی نشاندہیوں کو بروئے کار لا رہی ہے اور میڈیا کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کورونا ویکسین کی عوام کو بروقت فراہمی کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاہہم کچھ منفی ذہنیت کے حامل عوام کے دھتکارے ہوئے عناصر مشکل کی گھڑی میں بھی سیاست چمکانے کا موقع جانے نہیں دیتے, ویکسینیشن کے حوالے سے پراپیگنڈا کرتے رہتے ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں،قوم دیکھ رہی ہے کہ ملک میں کورونا ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے اور ویکسینیشن کا عمل زور و شور سے جاری ہے اور اب تک 3 لاکھ 13 ہزار 699 ہیلتھ کیئر ورکرز کو پہلی ڈوز دی جا چکی ہے اور1 لاکھ 69 ہزار 1 سو 45 ہیلتھ کیئر ورکرز کو دوسری ڈوز بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں 17 لاکھ 49 ہزار 6 سو 50 لوگوں کو کورونا کی پہلی اور3 لاکھ 92 ہزار 113 لوگوں کو کورونا کی دوسری ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ اور اب تک مجموعی طور پر 26 لاکھ 38 ہزار 352 لوگوں کو اب تک کورونا ویکسین لگائی گئی ہے اورگذشتہ 24 گھنٹے میں ایک لاکھ 28 ہزار 2سو لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔

            ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ ظل سبحانی دوم ابھی تک بیرون ملک فرار ہونے کے صدمے سے دو چار ہیں،پنجاب کو 1200 ارب کا مقروض کرکے اور اپنی تجوریاں بھرنے والا ظل سبحانی دوم بھی کہتا ہے کہ وہ ملک کو ترقی یافتہ چھوڑ کر گئے تھے ،ظل سبحانی دوم اب جو زر مبادلہ کے ذخائر کا بٹھا بٹھا کر گئے تھے ،اعدادوشمار آپکی نا اہلی چوری چکاری سے پردہ فاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی صرف اڑھائی سالوں میں ملکی زر مبادلہ کے ذخائر کو 23 ارب ڈالر تک لے گئی ہے۔