وزیر خارجہ اور صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے مابین وفود کی سطح پر مزاکرات، فلسطین وجموں کشمیر کی صورتحال، اقوام متحدہ سلامتی کونسل اصلاحات، افغان امن عمل اور کرونا ویکسین کی دستیابی  پر تبادلہ خیال

18

اسلام آباد، 27مئی(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور صدر جنرل اسمبلی والکن بوذکر کے مابین جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں  وفود کی سطح پر مذاکرات کا انعقاد ہوا، جس دوران فلسطین اور جموں و کشمیر کی صورتحال، اقوام متحدہ سلامتی کونسل اصلاحات، افغان امن عمل اور کرونا ویکسین کی دستیابی  سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  کہا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہیں،پاکستان، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے مستقل منصفانہ حل کا متمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ قیام امن، سلامتی کونسل کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کا اقدام، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے جبکہ غزہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو رکوانے اور مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کو جبرو استبداد سے نجات دلانے کیلئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں سے صدر جنرل اسمبلی کو آگاہ کیا اور کہا کہ خطے میں امن و استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے افغان امن عمل کا نتیجہ خیز ہونا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

وزیر خارجہ نے کورونا وبا سے بچاؤ اور ویکسین کی دستیابی کیلئے صدر جنرل اسمبلی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک بالخصوص ترقی پذیر ممالک کو کرونا ویکسین کی فراہمی کیلئے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے، وزیر اعظم عمران خان کے “قرضوں کی ادائیگی میں سہولت” کے اقدام سے بھی آگاہ کیا۔

مذاکرات میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل اصلاحات کے حوالے سے  گفتگو کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو مزید موثر اور فعال بنانے کیلئے اصلاحات کو ناگزیر گردانتا ہے۔

صدر جنرل اسمبلی نے پرتپاک خیر مقدم اور میزبانی پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور فلسطین کے حوالے سے منعقدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں، پاکستان کے واضح موقف اور وزیر خارجہ کی بھرپور شرکت کو سراہا۔

اے پی پی/ ڈیسک/حامد بلال