صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا   پاکستان اور اردن کے تعلقات پر اطمینان کا اظہار،نامزد سفیر کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ دینے کی ہدایت

27

اسلام آباد،31مئی  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور اردن کے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اردن اور فلسطین کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر جنرل (ر) سجاد علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اردن کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر دونوں برادر ممالک کے مابین اعلی سطحی وفود کے تبادلے بڑھانے کے لئے بھی کام کریں جبکہ اردن میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں۔

 صدر مملکت نے پاکستان اور اردن کے مابین دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دفاع ، تجارت ، ثقافت اور معیشت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات دریافت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں  نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں بچوں سمیت سیکڑوں فلسطینی شہید ہوئے، پاکستان نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

 صدر مملکت  نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینیوں کو ان کا حق خودارادیت دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔