لاہور، 19 مئی (اے پی پی): صدر مملکت کی ہدایت پر ہلال احمر پاکستان نے فلسطین متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے ادویات، طبی آلات اور غیر خوراکی اشیاء کی کھیپ بھیجنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ امدادی سامان کے علاوہ ریلیف ٹیم بھی بھیجی جائے گی جو متاثرہ فلسطینیوں کی مدد کرے گی۔ لاہور پریس کلب میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ہلال احمر کے چیرمین ابرار الحق نے کہا کہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس حکومتی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں جوں ہی گرین سگنل ملا امدادی اشیا روانہ کر دی جائیں گی۔ ابرار الحق نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہدایت کی ہے کہ فلسطینی متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں یہ ہلال احمر کے لئے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ تربیت یافتہ رضاکاروں کی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے جو کہ متاثرہ علاقوں میں فلسطینی بلال احمر کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گی۔ انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنی امداد عطیات بھیجیں تاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ فلسطینیوں کو بہتر طور پر مدد عسکری بینک کے اکاؤنٹ نمبر پر کی جا سکے۔ PK18ASCM0001771650501737
ابرارالحق نے کہا کہ حالیہ حملوں میں سینکڑوں فلسطینی مارے جا چکے ہیں اور سینکڑوں زخمی اور بے گھر ہو چکے ہیں۔ تمام انسانی خدمت کی تنظیمیں ادارے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر کے حکمت عملی مرتب کریں تاکہ متاثرہ فلسطینیوں کی بھرپور مدد ممکن بنائی جا سکے