اسلام آباد،26مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افراد باہمی معذوری کو پریشانی سے بچانے کیلئے عوامی مقامات تک ان کی رسائی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کو خصوصی افراد کی جانب باہمی تعاون پر مبنی دوستانہ رویہ اپنانا چاہئے، جامعات کے اساتذہ اور طلباء خصوصی افراد کی سہولت کے مطابق عمارتوں کے ڈیزائن و تعمیر کیلئے تجاویز دیں۔ وہ بدھ کو یہاں خصوصی افراد کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور محکمہ فن تعمیر کے سربراہان، چئیرمین سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے خصوصی افراد کی سہولت کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف عوامی مقامات پر ریمپ بنائے گئے ہیں جبکہ خصوصی افراد کی سہولت کے لئے بیت الخلا بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں خصوصی افراد کی سہولت کیلئے ماہرین فن تعمیر نے ریمپس کی تعمیر اور مستقبل کی عمارتوں کے ڈیزائن کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ صدر مملکت نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ عوامی مقامات پر ریمپ اور خصوصی افراد کی سہولت کے لئے بیت الخلا تعمیر کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو پریشانی سے بچانے کیلئے عوامی مقامات تک رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ معاشرے کو چاہیے کہ خصوصی افراد کے لیے باہمی تعاون پر مبنی اور دوستانہ رویہ اپنایا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جامعات کے اساتذہ، طلباء اور محکمہ فن تعمیر کے سربراہان خصوصی افراد دوست عمارتوں کی تعمیر کیلئے تجاویز دیں۔ انہوں نے خصوصی افراد کی پارکنگ کیلئے الگ جگہیں مختص رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے سی ڈی اے کی جانب سے خصوصی افراد کی سہولت کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔