ضلع چنیوٹ میں  ”خدمت آپ کی دہلیز پر“پروگرام کاآغاز کر دیا گیا

32

چنیوٹ،27مئی (اے پی پی):ضلع چنیوٹ میں  ”خدمت آپ کی دہلیز پر“پروگرام کاآغاز کر دیا گیا، حکومت پنجاب کے 3ہفتوں پر محیط پروگرام کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان، ضلعی صدر پی ٹی آئی میاں شوکت علی تھہیم، اقصی حیات لالی، اسسٹنٹ کمشنر غزالہ کنول کے علاوہ پی ٹی آئی کے دیگر عہدیداران نے کیا، اس موقع پرٹایگر فورس کے جوان اور سول سوسائٹی کے افراد و دیگر بھی موجود تھے۔

 ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے ویژن کے مطابق تین ہفتوں پر محیط ”خدمت آپ کی دہلیز پر“پروگرام کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، اس کے پہلے ویک میں ہفتہ صفائی،دوسرا ویک نکاسی آب اورتیسرے ویک کو ہفتہ برائے صفائی ستھرائی سرکاری عمارات کے طور پر منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خدمت آپ کی دہلیزپر کامقصدعوام کی خدمت کے لئے سروس ڈلیوری کو مزید بہتر اور موثر بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے  کہا کہ ہفتہ صفائی،نکاسی آب اور سرکاری عمارات کی صفائی کے اہم ٹاسک کو ذمہ داری سے انجام دیا جائیگا تاکہ شہریوں کو محکموں کی سروسز دہلیز پر میسر آئے۔انہوں نے کہا کہ ہفتہ صفائی کوکامیابی سے ہمکنار کرنے کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنرز،سی اوز میونسپل کارپوریشن پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ٹائیگر فورس کو پروگرام میں شریک رکھنے کی تاکیدکی اور کہا کہ ان فنکشنل سٹریٹ لائٹس کو تبدیل،وال چاکنگ کاصفایا،درختوں و الیکڑک پولز سے بینرز وسٹیمرز ہٹانے،روڈزوشاہرات کیساتھ کسی جگہ پڑے عمارتی ملبہ،کوڑاکرکٹ کا خاتمہ،ڈرینز،ڈرینج پائپس وسیوریج سسٹم کی صفائی،پبلک ٹائلٹس کی صفائی ستھرائی،پبلک دفاترودیگر سرکاری عمارتوں کی وائٹ واش،پارکوں وگرین بیلٹس اور چوکوں کی حالت زار کوبہتر بنانے،رورل ہیلتھ سنٹرز وبنیادی مراکز صحت کی صفائی ودیگر اہداف شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے ہر ہفتے دیئے گئے ٹارگٹ پر براہ راست عوام سے فیڈ بیک لیا جائے گا اورعوامی توقعات پر پورا نہ اترنے والے محکموں کے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان نے کہا کہ ضلع کو عوام کی خدمت اورفلاح و بہبود کے لحاظ سے مثالی بنانا ترجیح ہے، اس سلسلہ میں شہری بھی ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

ضلعی صدر میاں شوکت علی تھہیم و دیگر عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزیر اعلی پنجاب کا انقلابی پروگرام ہے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر اسے کامیاب بنائیں گے، انہوں نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اپنے شہر گلی محلوں کو صاف رکھنے کیلئے شہری بھرپور تعاون کریں۔