میرپورخاص،21مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر وومین ڈویلپمنٹ سیدہ شہلا رضا نے کہا ہے کہ عورت کے ماں،بیٹی،بیوی اوربہن جیسے عظیم روپ ہیں جن کی قدرکرناچاہئے، عورت کو انصاف ملے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے سیکریٹری وومین ڈیولپمنٹ انجم اقبال جمانی، ڈائریکٹر وومین ڈیولپمنٹ مہیش لال دودانی،ڈسٹرکٹ آفیسر وومین ڈیولپمنٹ طارق وحید گڈانی اورمحکمے کے دیگر افسران کے ہمراہ زیر تعمیر دارلامان کی عمارت اورڈسٹرکٹ وومین ڈویلپمنٹ آفس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ میرے یہاں آنے کا مقصد تعمیراتی کام کو دیکھنا،دفتر کے مسائل، اسٹاف کی کمی اوردیگرمسائل کو حل کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ میرپورخاص کے زیر اہتمام چلنے والے سیف ہاؤس میں وومین ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کا تعاون شامل ہے، سیف ہاؤس میں میرپورخاص کی متاثرہ عورتوں کو 48گھنٹوں کیلئے پناہ میں رکھاجاتا ہے، عدالت کے حکم کے بعد میرپورخاص،عمرکوٹ اورتھرپارکر کی متاثرہ عورتوں کو دارالامان منتقل کیا جاتا ہے۔
سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ دارلامان میرپورخاص کی عمارت کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، بقایاکام جلد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، دارلامان بننے کے بعد ایک حصے میں وومین ڈویلپمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹوریٹ،ڈسٹرکٹ آفس، وومین کمپلینٹ سیل،عورتوں کی ٹریننگ ڈے کیئرسینٹر اوردوسرے حصے میں دارلامان میں رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دارلامان اورٹریننگ سینٹر کو عورتوں کی بھلائی کے کاموں کیلئے فلاحی تنظیموں کے تعاون سے چلایا جائے گا۔