فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے عارف والا میں مرکزی جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی

36

عارف والا، 21 مئی (اے پی پی): فلسطین سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں عارف والا میں مرکزی جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام جامع مسجد غلہ منڈی سے صوبائی امیر جماعت اہلسنت سید خلیل الرحمان بخاری کی زیر قیادت جمعہ کو احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی میں ضلعی عہدیداران حافظ قطب الدین پانی پتی ، دیوان حامدمسعود چشتی ، پیر آصف حسین چشتی، سید فیض الحسن شاہ ، پیر اعجاز حسین، پیر محمد احمد بخاری، صوفی عبدالرشید سمیت علماء کرام، انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی ، سبزی منڈی اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مذمتی تحریریں درج تھیں، ریلی مختلف بازاروں سے گزر کر بلدیہ چوک پہنچی۔
نامور خطیب مفتی آصف اقبال رضوی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے مسلسل فلسطینی مسلمانوں کو شہید کیا جا رہاہے دنیا بھر کے تمام مسلم ممالک کو اکٹھا کر بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم کا سدباب کیا جائے، پاکستان کی افواج دنیا بھر میں اول ہے پاک فوج کے دستوں کو فلسطین میں بھیجا جائے ، پوری قوم ساتھ ہے ، ہمارا ملک پاکستان ایٹمی قوت ہے حکومت وقت فی الفور فلسطینیوں کی آواز کو پوری جرات کے ساتھ بلند کرئے ۔
ریلی کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔