نیو یارک، 20مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین میں انسانی المیے کے تدارک کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
وہ فلسطین کے حوالے سے منعقدہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے تشریف لانے والے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے، عشائیے کا اہتمام نیویارک میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کو پاکستانی سفارتخانے میں تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔وزیر خارجہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں نہتے فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والی بربریت، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور امن و امان کو درپیش شدید خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے، اس نئے انسانی المیے کے تدارک کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کو فلسطین میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے بروئے کار لائی گئی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں، مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور عالمی برادری کی توجہ فلسطین کی تکلیف دہ صورتحال کی جانب مبذول کروانے کیلئے تفصیلی مشاورت بھی کی۔
عشائیہ میں ترکی، فلسطین، تیونس کے وزرائے خارجہ کے علاوہ صدر جنرل اسمبلی وولکر بوزکیراور او آئی سی ممالک کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوبین نے شرکت کی جبکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر اسد مجید خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔