فیصل آباد؛ وزیرمملکت فرخ حبیب کا کھلی کچہری کا انعقاد،شہریوں کے مسائل سن کر حل کرنے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے

38

فیصل آباد،  16  مئی  (اے پی پی): وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اتوار کے روز اپنے مرکزی دفترسمن آباد فیصل آباد میں کورونا ایس او پیز کے مطابق کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مسائل سنے سمیت ان کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی جبکہ کچھ مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔

اس دوران حلقہ کے معززین نے انہیں بجلی،گیس سیوریج و بعض دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر مملکت نے مسائل کے حل اور حلقہ میں مزید سہولیات کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں ترقیاتی کاموں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے لوگوں کے دیرینہ مسائل حل ہوسکیں گے۔

کھلی کچہری میں حلقہ کے چک نمبر235 ر ب نیاموآنہ فیصل آبادسے تعلق رکھنے والے لوگوں نے وزیرمملکت کی جانب سے بجلی کی سہولت سے محروم علاقوں کو بجلی کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کیااورکہاکہ ان کا دیرینہ مطالبہ پورا کر کے انہوں نے علاقہ کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

فرخ حبیب نے بتایا کہ حلقہ میں تعمیر و ترقی،فراہمی و نکاسی آب،سوئی گیس،بجلی سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں جبکہ نہ صرف وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے بلکہ حلقہ کو ہر لحاظ سے مثالی بنانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا ئے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مختلف مقامات پر گراؤنڈز کی تعمیر و مرمت کے کام کابھی جلد آغاز کر دیا جائے گا اور فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کیلئے ماسٹر پلان تیار کرلیا گیا ہے جس پر جلد ہی عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ حلقہ کے عوام سمیت سب کی بلاتفریق خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے ملاقات کیلئے آنیوالے معززین علاقہ، پارٹی کارکنان اور شہریوں کو کورونا ایس او پیز پر نہ صرف خود عمل کرنے بلکہ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دینے کی ہدایت کی تاکہ اس وبا پر قابو پانے سمیت سب کی زندگیاں محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے۔