متحدہ عرب امارات اور پاکستان باہمی اعتماد پر مبنی خوشگوار تعلقات سے مستفید ہورہے ہیں:وزیر مملکت  فرخ حبیب

20

اسلام آباد،26مئی  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ گرین ڈپلومیسی ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان باہمی اعتماد پر مبنی خوشگوار تعلقات سے مستفید ہورہے ہیں،متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کے لئے  دوسرے گھر کی طرح ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے  اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر عماد عبیدابراہیم الزابی سے  ملاقات میں کیا۔ملاقات  میں میڈیا  کے شعبہ میں تعاون، سیاحت، تجارت اور ماحولیاتی تبدیلیوں  سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کے وسیع امکانات  موجود ہیں جن کو برائے کار لانے  کی ضرورت ہے۔

 وزیر مملکت نے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی صنعت میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لئے یو اے ای کے سفیر الزابی کے فیصل آباد کے دورہ کو سراہا۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے یو اے ای کے سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان کی زرعی مصنوعات دنیا بھر میں    مقبول ہیں ،پاکستانی تاجروں کے ذریعے ان اشیاءکو مشرق وسطی کی مارکیٹس تک رسائی ملنے سے ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں  گے۔

 فریقین نے دونوں ممالک کی سرکاری نیوز ایجنسیز کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس سے دونوں ممالک کے مابین آزادانہ معلومات کی فراہمی اور ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

 وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ، کووڈ۔ 19کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ،اووسیز پاکستانیوں نے انتہائی کم مدت میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں ایک بلین ڈالر بھجوائے جو کہ موجودہ حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں 15 لاکھ پاکستانی کام کر رہے ہیں۔ یو اے ای کے سفیر نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے تعاون کو سراہا۔

وزیر مملکت نے سفیر کو سماجی تحفظ پروگرام میں پاکستان کی حکومت کے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ یو اے ای کے سفیر نے وزیر مملکت کو آگاہ کیا کہ ایکسپو 2020 میں پاکستانی تاجروں کی شرکت سے کاروبار میں ترقی اوردنیا بھر کے تاجروں سے روابط کا موقع ملے گا ۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کو 50 سال مکمل ہونا دونوں برادر ممالک کے لئے ایک سنگ میل ہے ، 50سالہ تعلقات کی تقریبات مل کر  منائیں گے۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ ابو ظہبی شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر مملکت نے دونوں مالک کے لوگوں میں مضبوط رابطوں، میڈیا وفود اور سول سوسائٹی وفود کے باہمی تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔