مری؛ریسکیو 1122  کا سٹی ٹریفک پولیس  کیساتھ مل کر  جی ٹی روڈ کلڈنہ چوک کے مقام پر مشترکہ روڈ سیفٹی واک کا اہتمام

45

مری،20مئی(اے پی پی):ریسکیو 1122  نے سٹی ٹریفک پولیس  کیساتھ مل کر  جی ٹی روڈ کلڈنہ چوک کے مقام پر مشترکہ روڈ سیفٹی واک کا اہتمام کیا،مشترکہ روڈ سیفٹی واک کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانیں سے متعلق آگاہی دینا تھا تاکہ شہری ٹریفک قوانین پر عمل کریں جس کے نتیجے میں کم سے کم حادثات پیش آئیں ،آگاہی واک میں ریسکیو اہلکاروں سمیت ٹریفک پولیس ،سول سوسائٹی کے ساتھ ساتھ  بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

اس موقع پر انچارج ایمرجنسی آفیسر حمزہ علی خان نے کہا کہ کسی بھی روڈ ٹریفک حادثے میں بروقت ریسکیو سروس کی فراہمی اولین ترجیح ہے،موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں ،دوران سفر تیز رفتاری سے اجتناب کیا جائے –

ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

 اس موقع پر ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے قانون نافظ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر آگاہی پمفلٹس اور فیس ماسک  بھی تقسیم کیے جس کو شہریوں اور سیاحوں  نےخوب سراہا۔

واضح رہے کہ ریسکیو 1122 مری قانون نافظ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر رواں ہفتہ براۓ روڈ سیفٹی مناۓ گی۔