نیویارک،21مئی(اے پی پی): وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے،عالمی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ ء تعبیر نہیں ہو سکتا۔
ان خیالات کا اظہار مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل ورلڈ کشمیر آگاہی فورم ڈاکٹر غلام نبی فائی کی قیادت میں کشمیری رہنماؤں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ نہتے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔
کشمیری رہنماؤں کے وفد نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے اور بہترین خارجہ پالیسی اپنانے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔
ملاقات میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی موجود تھے ۔