مظفرگڑھ،22مئی(اے پی پی): ریسکیو1122 کی جانب سے عالمی ہفتہ روڈ سیفٹی کے موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی زیر نگرانی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا جسکی صدارت ڈی سی او شعیب ترین صاحب نے کی۔
سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کلکٹر جام آفتاب ،ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر اسامہ زیشان خان، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس ،سٹی وارڈن پولیس، پنجاب پولیس کے اعلی عہدیداران ،اہلکاروں، سانجھ فائونڈیشن، سائیکوپ فاٶنڈیشن،انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے سماجی کارکنان اور ریسکیو اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین میاں نے روڈ سیفٹی کی اہمیت پر بات کرتے ہوے بتایا کہ ریسکیو 1122 پنجاب بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 950 سے زائد ٹریفک حادثات پر رسپانس کرتی ہےاور اب تک 28 لاکھ سے زائد روڈ ٹریفک حادثات پر رسپانس کر چکی ہے، جس میں 83 فیصد سے زائد حادثات موٹر سائیکل کے حادثات ہیں۔
انکا کہنا تھا کے ان حادثات میں شکار ہونیوالے زیادہ تر افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور جو بچ جاتے ہیں وہ کسی نہ کسی بڑی معزوری کا شکار ہو جاتے ہیں۔انہوں نے ان حادثات سے بچاٶ کے حوالہ سے خصوصی طور پر موٹر سائیکل سواری کے حوالے سے بات کرتے ہوے کہا کہ دوران ڈرائیونگ ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنایا جائے،موٹر سائکل کی رفتار کو 50 سے زیادہ نہ بڑھایا جائے،دوران سفر موٹر سائیکل سوار سلو لان میں سفر کریں،کراسنگ کے وقت سائیڈ مرر کا استعمال کیا جائے، دوران سفر موبائل کے استعمال کو مکمل طور پر ترک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹریفک پولیس کی ذمہ داری کہ وہ ٹریفک قوانین پر مکمل طور پر نافذ العمل کرواتے ہوئے ون ویلنگ کا مکمل خاتمہ کریں۔ والدین کی زمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی حرکات و سکنات پر نظر رکھیں اور کم عمر اور شرارتی بچوں کو اس سواری سے دور رکھ کر اپنے بچوں اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
اس موقع پر ڈی سی او امجد شعیب ترین صاحب نے تمام اداروں کی زمہ داری کی طرف نشاندہی کرتے ہوے کہا کہ یہ ہمارا اجتماعی فرض ہے کہ ہم سب مل کر مظفر گڑھ کی عوام کو ایسے نظام اور راستوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں کہ جن پر ہر فرد خود کو دوران سفر محفوظ سمجھے ۔
تقریب کے اختتام پر روڈ سیفٹی کے حوالے سے عوام کی آگاہی کے لئیے واک کا انعقاد بھی ہوا۔