معاشرے میں جو بھی  بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کرے گا  اسکے ساتھ آ ہنی  ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،وزیراعلیٰگلگتبلتستانخالد خورشید

33

گلگت،19مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے بدھ کے روز گلگت میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے گلگت بلتستان میں مناظروں اور مباہلوں کے نام پر  جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی افسوناک اور پریشان کن ہے،اب ہماری کوشش ہے کہ یہ چیز مزید آ گے نہ بڑھے  اور دونوں مسلک کے مرکزی رہنما اپنے رویے پر عوام سے کھل کر معافی مانگیں اور مزید مناظروں اور مباہلوں کے چکر سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ امید ہے کل تک یہ مسئلہ  حل ہوجائے گا،اگر نہیں ہوا تو حکومت کا کوئی مسلک نہیں ،ہمارے لیئے سب برابر ہیں اور قانون کے سامنے سب ایک ہیں اور جو بھی معاشرے میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کرے گا ان سے آ ہنی  ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا  کہ سوشل میڈیا کے ذریعے  غلط افواہیں اور بد امنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن وآتشی کا مذہب ہے۔انہوں نے کہا  کہ  جعلی فرقہ پرستی اور جعلی قوم پرستی نے ہمیں کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔اسی فرقہ واریت اور مسلک کے نام پر  گلگت بلتستان کے چار سو سے زائد  لوگ  جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔اب ہمیں بحیثیت قوم اصول طے کرنے ہونگے کہ ہم  ان جعلی فرقہ پرستوں اور جعلی قوم پرستوں  کی باتوں میں نہ آ ئیں اور اسلام کے سنہرے اصول کے مطابق اپنی زندگی گزاریں۔