ملتان، 18مئی(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ نے بستی ملوک میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف آپریشن کے دوران درجنوں شادی ہالز، کمرشل پلازے اور کاروباری مراکز مسمار کر دئیے ہیں،آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر نے کی جبکہ پولیس،سول ڈیفنس فورس،محکمہ ریونیو اور تحصیل کونسل کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی کمرشل بلڈنگز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جارہی ہے۔بستی ملوک میں 2شادی ہالز،3شاپنگ پلازے اور2 ہاوسنگ کالونیوں کے خلاف کاروائی کی گئی ،تین سرکاری سکولوں کے آگے غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا ہے اور متعدد کاروباری مراکز سیل کر دئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مخدوم رشید میں 3 میرج ہالز،2 ریسٹورنٹس،2 رہائشی سکیموں اور ایک کنٹرولڈ شیڈ کے خلاف کارروائی کی گئی،غیر قانونی کمرشل بلڈنگز کا نہ سیٹ بیک چھوڑا گیا ہے اور نہ پارکنگ کے انتظامات کئے جاتے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر نے بتایا کہ غیر قانونی عمارتوں کے مالکان کو پہلا نوٹس اپریل میں جاری کیا گیا،ان مالکان کو پھر حتمی نوٹس بھی جاری کیا گیا لیکن یہ ٹس سے مس نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ بلڈنگ بائی لاز کے خلاف غیر قانونی تعمیرات نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔یہ غیر قانونی کمرشل بلڈنگز شہریوں کے لئے ٹریفک جام جیسے مسائل پیدا کررہی ہیں۔اس کے علاوہ غیر قانونی تعمیرات سے حکومت کو کروڑوں روپے کے ریونیو سے محروم کیا جارہا ہے۔
عدنان بدر نے ضلعی انتظامیہ کے آپریشن کو سیاسی رنگ دینا ناانصافی قرار دیا اور کہا کہ غیر قانونی کمرشل بلڈنگز کے خلاف آپریشن ہر ٹاون اور ہر شہر میں ہو گا۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہا ہے۔