ملتان، 22 مئی (اے پی پی):سیکرٹری ہاﺅسنگ لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ہاﺅسنگ اربن ڈوپلمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے آئندہ مالی سال کے لیئے 44ارب کی 272ترقیاتی سکیمیں تیارکر لیں ہیں جن میں سیوریج،ٹف ٹائلز اور صاف پانی کی سکیمں بڑی تعداد میں شامل ہیں، ملتان کی سیوریج کی بہتری کے لیئے 2ارب کے فنڈز مانگے گئے ہیں جبکہ تونسہ اور ڈی جی خان میں سیوریج کی سکیمیں بھی شامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری ہاﺅسنگ لیاقت علی چٹھہ نے جنوبی پنجاب کے 12اضلاع کے سپریٹنڈنٹ انجینئرز اور ایکسیئنز سے بریفنگ لینے کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری ہاﺅسنگ نے مزید کہا کہ گزشتہ مالی سال کی جاری 590پی ایچ ای کی سکیموں میں 410مکمل کر لی گئی ہیں، 180کو مکمل کرنے کیلئے 10 سے 15جون کی ڈیڈلائن دے دی گئی ہے۔ %50سے کم کارکردگی دکھانے والے 7ایکسیئن کو شوکاز جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ ڈی جی خان اور ملتان کے سیوریج سسٹم تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ آفیسرز کو فیلڈ میں نکل کر کام کرنا ہوگا، بری کارکردگی دکھانے والے آ فیسران کو برداشت نہیں کیا جائے گے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اربن واٹر سپلائی ، رورل واٹر سپلائی، ٹف ٹائلز کی سکیموں کو ری ویو کیا گیا ہے۔
سیکرٹری لیا قت علی چٹھہ نے کہا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شفافیت کے معیار کو بھی مزید بہتر کریں گے، ٹوائلٹ کی سہولیات کی فراہمی کے لیئے بھی پروجیکٹ پر کام کیا جائے گا جبکہ جنوبی پنجاب کے دور افتادہ مقامات پر ٹوائلٹ کی شدید قلت ہے، جسے اگلے سال کی ترقیاتی سکیموں میں رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری ہاﺅسنگنے بری کارگردگی اور سکیموں کے بروقت مکمل نہ کرنے پر ایکسینز کی سرزنش کی اور احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام آفیسرز جاری منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ثمرات محروم طبقہ تک پہنچانا ترجیحات میں شامل ہے۔
اجلاس میں بہاولپور، رحیم یار خان ، بہاولنگر ، ڈی جی خان ، تونسہ اور لیہ سمیت 12اضلاع کے پی ایچ ای کے انجیئنرز اور ایکسینز نے شرکت کی، اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن ملک سمیع،ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنکل زاہد اقبال اور سیکشن آفیسر جمال فرید بھی موجود تھے۔