ملتان؛عالمی ہفتہ روڈ سیفٹی کے سلسلے میں  ریسکیو 1122 کی جانب سے روڈ سیفٹی آگاہی واک کا انعقاد

42

ملتان، 21مئی(اے پی پی):عالمی ہفتہ روڈ سیفٹی کے سلسلے میں  ریسکیو 1122 کی جانب سے روڈ سیفٹی آگاہی واک کا انعقادکیاگیا، جس میں بڑی تعداد میں شہر یوں، ریسکیو آفیسرز،ٹریفک وارڈنز،ریسکیو جوانوں،گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور ریسکیو والنٹیرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122معاشرے کو محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہے، روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کرکے ہم روڈ پر ہونے والے ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں کے ضائع کو کم کر سکتے ہیں، موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ اور سائیڈ مررز کے استعمال کو یقینی بنائے۔ انہوں نے  کہا کہ وہ روڈ سیفٹی کے بارے میں متعلقہ اداروں کا ساتھ دیں تاکہ سفر کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

 بعدازاں  ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ اور  انچارج کمیونٹی سیفٹی آفیسر محمد ارشدخان کی جانب سے روڈ پر سفر کر نے والے افراد کو روڈ سیفٹی بارے پمفلٹ تقسیم کئے  گئے ہیلمٹ اور سائیڈ مررز کے استعمال کی عملی تربیت دی گئی۔

اس موقع پرایمرجنسی آفیسر محمدبلال، کنٹرول روم انچارج مدثر ضیا ء، اسٹیشن کوارڈینٹر عثمان رفیق اور گرلز گائیڈ ایسوسی ا یشن کی صدر عائشہ غازی بھی موجود تھیں۔