ملتان؛غیر معیاری ادویات سے جانبحق ہونیوالے تین معصوم بچوں کی نماز جنازہ  ان کے آبائی قصبے  حامد پور کنورہ میں ادا کردی گئی

34

ملتان، 22مئی(اے پی پی): غیر معیاری ادویات سے جانبحق ہونیوالے تین معصوم بچوں کی نماز جنازہ  ان کے آبائی قصبے  حامد پور کنورہ میں ادا کر دی گئی ۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے  نماز جنازہ میں شرکت کی اور جاں بحق ہونیوالے بچوں کے والد خادم حسین سے ملے اور انہیں دلاسا دیا، ڈپٹی کمشنر نے تدفین کے اخراجات کے لئے غمزدہ خادم حسین کو کیش کی صورت رقم بھی دی۔

 ڈپٹی کمشنر نے خادم حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالی مدد انسانی زندگی کا نعم البدل نہیں ہو سکتی ، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے  مالی مدد فراہم کرنے کے لئے ریفرنس بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت پنجاب کو ریفرنس ارسال کیا جارہا ہے اور سانحے کی ہر پہلو سے انکوائری کی جارہی ہے، اس کیس کو غیر معیاری ادویات کا کاروبار کرنے والوں کو سبق سکھانے کے لئے مثال بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ فارنزک کے لئے لاہور بھجوا دی گئی ہے جبکہ ادویات کے نمونے ٹیسٹ کے لئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دئے گئے ہیں، عطائی ڈاکٹر گرفتار اور کلینک سیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا حقائق آنے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، غیر معیاری ادویات اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ڈرگ کنٹرولرز اور انسپکٹرز کی جانب سے ہمہ وقت  کارروائی جاری رہتی ہے۔

ڈی سی نے کہا سوموار سے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاون کا آغاز کیا جارہا ہے اور  ضلعی انتظامیہ کے افسران کریک ڈاون کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان کو عطائی ڈاکٹروں سے پاک کردیا جائے گا۔