ملتان، 19مئی(اے پی پی): کمشنر جاوید اختر محمود نے قومی تعمیر نو کے محکوموں کو ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ کمشنر نے کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیز 2 کی سکیمیں 10 جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے اور بچت سکیموں کی تکمیل کیلئے 30 جون تک کی ڈیڈ لائن دیدی ہے ۔
کمشنر جاوید اختر محمود کی صدارت کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام بارے جائزہ اجلاس ہوا۔کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ پرعزم اقوام نامساعد حالات میں بھی ترقی کا سفر جاری رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ملتان ڈویژن کے انفراسٹرکچر کی بہتری پر ذاتی نظر ہے،مالی سال کے اختتام سے قبل سکیمیں مکمل نہ کرنے والے افسران احتساب کیلئے تیار رہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سکیموں کا ایک فیصد شجرکاری کیلئے خرچ کیا جائے گا۔
کمشنر نے کہا کہ سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے ترجیحی فنڈز جاری کئے گئے ہیں ،انہوں نے نئی سیورج پائپ لائن ڈال کر بابا صفرا روڈ کی تعمیر کی بھی ہدایت کی۔
ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی پی2 کی 239 سکیموں کیلئے 2 ارب 10 کروڑ جاری کئے گئے ہیں ، سی ڈی پی2 کی 160 سکیمیں مکمل، 79 پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا بچت کی 20 کروڑ کی 23 سکیموں پر کام جاری ہے اور ڈویژن میں سی ڈی پی3 کی3 ارب 20 کروڑ کی 346 سکیمیں کا آغاز کیا جارہا ہے۔