ملتان، 22مئی (اے پی پی): یوم انسداد ڈینگی کے موقع پر ڈینگی سرویلنس کے دوران شریف پلازا کچہری چوک اور زیر تعمیر یونائیٹڈ مال گلگشت کی بلڈنگ سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا، دونوں بلڈنگز کے مالکان کے خلاف ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے حکم پر ڈینگی ایکٹ کے تحت مقدمہ کے اندراج کے لئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر کی نگرانی میں دونوں عمارتوں پر وارننگ نوٹس چسپاں کر دیئے گئے ہیں اور محکمہ صحت کی جانب سے کیس ریسپانس کے سلسلے میں کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر کی قیادت میں شہر کی زیر تعمیر عمارتوں میں ڈینگی سرویلنس کی گئی،محکمہ صحت کے اینٹامولوجسٹ اور ڈینگی سرویلنس ٹیمیں اسسٹنٹ کمشنر صدر کے ہمراہ تھیں۔