ملتان، 21 مئی (اے پی پی): کمشنر جاوید اختر محمود نے قبرستانوں پر تجاوزات مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی ، کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کارپوریشن تمام قبرستانوں پر سروے کر کےایک ہفتہ میں رپورٹ جمع کروائے،کمشنر نے قبرستانوں کی چار دیواری تعمیر کرنے بارے لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ۔
کمشنر جاوید اختر محمود کی زیر صدارت کارپوریشن کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس بھی ہوا۔ کمشنر نے کارپوریشن کو غیر قانونی مذبحہ خانوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں سے ہرگز نرمی نہ برتی جائے ۔کمشنر نے کہا کہ وال چاکنگ مافیا کی سرکوبی کیلئے انکے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں جبکہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
جاوید اختر محمود نے کہا بھتہ مافیا کی پشت پناہی کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں اور بھتہ مافیا سے ریکوری کروا کر سرکاری خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔ کمشنر نے کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ کے شہر میں جاری تجاوزات آپریشن کو بھی سراہا اور کہا کہ انسداد تجاوزات کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے۔
سی او کارپوریشن نے کہا کہ ایک دن میں 24 تعمیراتی نقشے پاس کئے گئے ہیں اور کہا کارپوریشن ریکوری اہداف بہتر بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔