ملتان، 28 مئی (اےپی پی): صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ہم زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی کاموں پر یقین رکھتے ہیں جس کا بڑا ثبوت ملتان شہر میں بنیادی سہولیات کے شروع ہونے والے میگاپراجیکٹس ہیں ملتان کا سب سے بڑا نکاسی آب کا مسئلہ حل ہونے والا ہے شہری علاقوں میں بوسیدہ سیوریج سسٹم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ ملحقہ شہری آبادیوں میں بھی سیوریج جیسی اہم اور بنیادی ضرورت کی فراہمی پر بھی توجہ مرکوز کی جارہی ہے اور 30 کروڑ روپےکی خطیر لاگت سے ایسے علاقے جہاں پہلے سیوریج کی سہولت میسر نہیں ایسے علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کی سہولت فراہم کی جارہی ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز دنیا پور روڈ پر سیوریج منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا مینیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال، سیاسی رہنما ملک عبدالروف،ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج سنٹرل ڈویژن حافظ محمد وقاص ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ اسحاق جاوید سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی موقع پر موجود تھی اس دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان سروڈ سکیم کے تحت دنیا پور روڈ کے مختلف علاقوں میں 48,42,36,30 اور 24 انچ سائز کی تقریبا دس ہزار فٹ نئی سیوریج لائن ڈالی جائے گی جس پر 8 کروڑ روپے خرچ ہوں گے اور دنیا پور روڈ کے بستی اہل پور ،بستی ہیڈ نو بہار، بھٹی آباد، مالیاں والی غازی پورہ، مستانہ چوک ماجھی پورہ، پیر مراد شاہ کے علاقوں کو سیوریج سسٹم جیسی جدید بنیادی سہولت میسر ہونے سے نکاسی آب کے درینہ مسائل سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے چھٹکارہ مل جائے گا۔