ملتان ڈویژن میں یوم انسداد ڈینگی  منایا گیا ، تمام سرکاری عمارات کی صفائی کی گئی، سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا

26

ملتان،22مئی(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں یوم انسداد ڈینگی  منایا گیا اور تمام سرکاری عمارات کی صفائی کی گئی۔اس سلسلے میں کمشنر آفس ملتان میں سپرے، ڈینگی سرویلنس کی گئی جبکہ کورونا ایس اوپیز اپناتے ہوئے آگاہی سیمنار بھی منعقد کیا گیا۔

سیمینار سے خطاب میں کمشنر ملتان نے کہا کہ صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا عزم ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ڈینگی اور کورونا کنٹرول بارے متحرک ہیں،کورونا وباء کے ساتھ ڈینگی وائرس سے احتیاطی تدابیر اپنا کر نمٹا جاسکتا ہے۔انہوں نے وارننگ دی کہ ڈینگی لاروا نکلنے کی صورت میں متعلقہ عمارت کے مالک کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

کمشنر نے واضح کیا کہ ڈینگی کنٹرول میں ملتان ڈویژن کو صوبہ بھر میں ٹاپ پوزیشن میں ہونا چاہیے، جدید اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو پورٹل پرا پ لوڈ کیا جائے اور ان کو تھرڈ پارٹی کے ذریعے مانیٹر کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علماء جمعہ کے خطبات میں ڈینگی اورکورونا بارے شعور اجاگر کریں۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد نے کہا کہ کسی بھی عمارت میں موجود مچھر رہائشیوں کیلئے خطرہ ہیں، اس لئے شہری اپنے ماحول کو خشک اور صاف رکھیں، ڈینگی مچھر سے ڈرنے کے بجائے شہری ڈینگی کی افزائش روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔محکمہ صحت کی ٹیمیں گھروں،ٹائر شاپس اور قبرستانوں کے چپے چپے پر سرویلنس کررہی ہیں، ڈینگی لاروے کی افزائش کا موجب سروس ا سٹیشنز کو چیک کیا جارہا ہے۔

 ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر وسیم رمزی نے کہا کہ عوام کو ڈینگی بارے موبائل پیغامات بھی بھیجے جارہے ہیں، پارکوں اورتالابوں سمیت تمام عوامی مقامات پر خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی۔ ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ حکومتی احکامات پر عمل پیرا ہوکر ڈینگی وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔پانی جمع نہ ہونے دیں اور پانی کے برتن ڈھانپ کر رکھیں۔

  بعد ازاں کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کی زیر قیادت انسداد ڈینگی واک بھی کی گئی۔ جس میں افسران و اہلکاروں نے شرکت کی جبکہ کمشنر ملتان اور ڈی سی ملتان نے شہریوں میں ڈینگی آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔علاوہ ازیں کمشنر ملتان نے کمشنر افس میں صفائی کا بھی جائزہ لیا جبکہ ڈاکٹر عطا الرحمن نے ڈینگی سرویلنس بارے بریفنگ دی۔