میرپورخاص؛فلسطینی ریاست غزہ پر  اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری اور  جارحیت کے خلاف  احتجاجی مظاہرہ،مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید غم وغصہ کا اظہار کیا

25

میرپورخاص،21مئی ( اے پی پی): اہلسنت و جماعت،   جمیعت علماء  اسلام اور جماعت اسلامی میرپورخاص کی جانب سے  فلسطینی ریاست غزہ پر  اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری اور  جارحیت کے خلاف مدینہ مسجد چوک پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا.

مظاہرے میں شہریوں نے  بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل و امریکہ کے خلاف اور لبیک یاغزہ لبیک یاغزہ کے نعرے لگائے ۔

   مظاہرہ سے مقررین نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان فلسطینی مسلمانوں کی غاضب  اسرائیل کے خلاف  جدوجہد آزادی کی تحریک   کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، جس طرح سے معصوم فلسطینی  بچے اور جوان و خواتین  مسجد اقصی و بیت المقدس کی دفاع کی جنگ  پتھروں اور  بےسروسامانی  سے لڑ رہے  ہیں وہ انسانی تاریخ کا انوکھا معجزہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں موجود ڈیڑھ ارب سے زائد ہر طرح کے وسائل سے مالا مال مسلمان ممالک اور ان پر مسلط بے حس حکمرانوں  کی بزدلی کی وجہ سے اسرائیل اور اس کے حواری جس طرح سے معصوم فلسطینیوں پر ظلم و بر بریت  کا بازار گرم کئے ہوئے ہے اس نے ہٹلر کے مظالم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔مقررین نے مزید کہا کہ جہاد ہی واحد راستہ ہے کہ جس سے ناجائز  اسرائیل کی ریاست اور اسکی  بربریت اور ظلم کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  فلسطینیوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ ڈھڑکتے ہیں، 58اسلامی ریاستوں کے حکمران اپنی بے ح سی اور یہود ہنود کی کاسہ لیسی چھوڑیں اور فلسطینیوں کی ہر طرح سے مکمل مدد کریں تاکہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کا خاتمہ ہو سکے اور انبیاء کہ سر زمین فلسطین آزاد ہو سکے ۔