کراچی،26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کرے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی ائرپورٹ پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ امن وامان صوبائی حکومت کا دائرہ اختیار ہے ، وہ وزیراعظم کی ہدایت پر امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کراچی آئے ہیں ۔ امن و امان کی صورتحال پر گورنرسندھ ، وزیراعلی سندھ ، رینجرز حکام سے ملاقات کروں گا جبکہ سندھ میں گورنرراج نافذکرنے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
شکارپورمیں کچہ کے علاقے میں آپریشن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیراعلی سندھ سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی قیام کے لئے صوبے کو ہرطرح کاتعاون فراہم کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت داخلہ نے وزیر اعظم عمران خان کے دور میں ایک بھی اسلحہ لائسنس جاری نہیں کیا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں ، شیخ رشید نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کراچی سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے پوری کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)سے بھی بات کریں گے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے آدھے افسران تبدیل کردیئے گئے ہیں جبکہ باقی بھی جلد تبدیل ہوجائیں گے۔