ملتان، 21 مئی (اے پی پی): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان مسلم دنیاکے سفیر کی حیثیت سے اسلام فوبیا‘ ناموس رسالت کے تحفظ کےلئے اقوام متحدہ ، او آئی سی سمیت تمام فورم پر آوازبلند کررہے ہیں۔ حکومت پاکستان کے فلسطین ، کشمیر سمیت مسلمان ممالک کے مسائل کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مسلم ممالک کے وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ میں گئے ہیں جو حکومت پاکستان کا مظلوم فلسطینیوں کے لئے ایک بروقت اقدام ہے ۔ جسے مسلم امہ سراہا رہی ہے۔ وقت آگیا ہے اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے روجحانات کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں پر مظالم رکوانے اور نسل کشی رکوانے کیلئے مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز چوک شاہ عباس کے مقام پر مظلوم فلسطینیوں کے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ پرامن احتجاجی ریلی کے اختتام پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹر اختر ملک ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی، اراکین صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں ، وسیم خان بادوزئی ‘خالد جاوید وڑائچ، عدنان ڈوگر، بابر شاہ، بھی ریلیوں کی صورت میں چوک شاہ عباس پہنچے۔
چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار‘قربان فاطمہ‘ طارق ارائیں‘ ‘ چودھری بنیامین ساجد‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ قاضی جاوید اسلم‘ واجد شوکت ‘منورقریشی‘ چودھری احسان‘رانا افضل ‘شیخ عاصم اعجاز ‘ سیف بھٹہ ‘ سجاد سیال ‘ ملک ارشد بھٹہ و پی ٹی آئی رہنماﺅںوکارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا جب اسرائیل نے 27ویں روزہ کو قبلہ اول مسجد اقصی میں جس اندازسے ظلم شروع کیا گیااس کی مثال نہیں ملتی،250سے زائد بچے شہید کیے گئے کہاں ہیں انسانی حقوق کی تنظیمیں۔ انہوں نے کہا کہ جس نے ایک ناحق قتل کیا اس نے پوری انسانیت کا قتل کیا، فلسطین میں ہونے والے ان لرزہ خیز مناظر پر کوئی مسلمان خاموش نہیں بیٹھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب فلسطین پر حملہ ہوا تو اس وقت وزیراعظم عمران خان مدینہ میں روضہ رسولپر موجود تھے اور وہاں سے فلسطین پر ہونے والے حملے پر آواز بلند کی۔انہوں نے کہا این اے 156ملتان کے عوام مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ جن کا منتخب نمائندہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس تک کا سفر کامیابی سے طے کیا۔اورامریکہ سمیت عالمی برادری کے سامنے مسلم امہ کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم اور مسلمانو ںکی نسل کشی کی بھرپور مذمت کی ۔ اور فلسطینیوں کے حق کے لئے بھرپورآوازبلند کی۔ اور یہ نہ صر ف این اے 156بلکہ ملتان کے لئے ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا بیت المقدس پر اسرائیلی حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ مظلوم فلسطینیوں کی شہادت کا سب پاکستانیوں کو دلی طور پر دکھ ہے۔ ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ مظلوم فلسطینیو ںپر ہونے والے مظالم کو فی الفور رکوایا جائے۔ بلکہ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے مطالبہ کے مطابق اسرائیل میں فلسطینیوں کو بچانے کیلئے عالمی فورس تعینات کی جائے ۔انہوں نے کہاغزہ میںفوری جنگ بندی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ہم امید کرتے ہیں جنگ بندی فلسطین میں مستقبل امن کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا۔ آج یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر تمام پاکستانی فلسطینی بھائیوں کےساتھ محبت کا اظہار کررہے ہیں‘ فلسطین کی آزادی سے ہی مستقل امن ممکن ہے۔ غزوہ جنگ بندی کیلئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمو د قریشی کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی نے کہا فلسطینیوں پر مظالم سے ان کی آواز خاموش نہیں کرائی جا سکتی۔ اسرائیل اور فلسطین کی لڑائی غیر قانونی قبضے اور استصواب رائے کی ہے، اسرائیلی ظلم فورتھ جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن کے حصول کیلئے عالمی کانفرنس بلانے کی فلسطینی صدر محمود عباس کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، ہم فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کیلئے جاری جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان فلسطین کیلئے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری نے کہا ہم اسرائیلی جارحیت اور بربریت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ پوری پاکستانی قوم اس وقت ظالم اسرائیل کی اس حرکت پرسراپا احتجاج ہے۔ ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ اسرائیل پر دباﺅ ڈالا جائے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں پر مظالم فوری طور پر بند کریں ۔ اور فلسطین فوری طو ر پر اسرائیلی افواج سے خالی کیا جائے۔