راولپنڈی،19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ وزیراعظم کا سعودی عرب کا دورہ کامیاب ترین دورہ تھا،رمضان المبارک کی 27 شب کو اللہ کا گھر کھلا، سعودی عرب سے ماضی میں ایسے تعلقات نہ تھے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے بدھ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ راولپنڈی زچہ بچہ ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کو انتھائی سود مند قرار دیتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی دور حکومت میں سعودی حکومت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بام عروج پر پہنچ گئے ۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی کے دومیگا پراجیکٹس لئی ایکسپریس وے اور ماں بچہ ہسپتال کی تکمیل راولپنڈی کے عوام کے لیے تحفہ ثابت ہوگا ، راولپنڈی زچہ بچہ ہسپتال کا 80فیصد کام مکمل کرلیا گیا ،ہسپتال کا ایک حصہ چھ ماہ میں فعال کردیاجائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ میں ڈاکٹر فیصل کا مشکور ہوں کہ وہ ہسپتال میں دوسری مرتبہ خود آئے ، اس ہسپتال میں کینسر کا ڈیپارٹمنٹ بھی رکھ رہے ہیں ،16 سال سے جو کام رکا ہوا تھا 2 سال میں 80 فیصد تک مکمل کیا ہے،کوشش ہے ایک سال کے اندرمکمل ہسپتال یا کم از کم 6 ماہ میں اوپی ڈی اوپن ہوجائے،400بیڈز پر مشتمل راولپنڈی زچہ بچہ ہسپتال پاکستان بھر میں پہلا ماڈرن ہسپتال ہوگا۔
شیخ رشید احمد نے کہاکہ فلسبینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعہ کو لال حویلی میں کورونا ایس او پیز کے ساتھ ایک عوامی اجتماع منعقد کیاجائے گا تاکہ معصوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے صیہونی مظالم کو اجاگر کیاجاسکے ۔
جہانگیر ترین کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ پی ٹی آئی جیسی بڑی سیاسی جماعت کے لیے یہ کوئی بڑا ایشو نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ جہانگیر ترین گروپ آمدہ بجٹ میں حکومت کے حق میں ووٹ دیں گے ۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ زچہ بچہ ہسپتال پراجیکٹ 2005-06میں شروع ہوا تھا تاہم ان برسوں میں یہ مکمل نہ ہوسکا اور اب اسے ہم مکمل کرنے جارہے ہیں ، زچہ بچہ ہسپتال کی مشینری کی خریداری کے ٹینڈرز بھی کھول دیئے گئے ہیں ، ہسپتال میں جنرل سرجری کا بھی پورا بندوبست ہوگا اور یہ ہسپتال حقیقی معنوں میں عوام کے لیے ایک تحفہ ہوگا۔