وزیرِ اعظم عمران خان سے نمائندہِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی کی ملاقات

39

اسلام آباد۔25مئی  (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان سے نمائندہِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی نے منگل کو یہاں ملاقات کی اور وقف املاک ایکٹ پر وفاقی وزیرِ مذہبی امور کی سربراہی میں قائم  کمیٹی اور اس کے علماء اور مشائخ کے تحفظات دور کرنے میں  مثبت کردار پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق مولانا طاہر اشرفی نے فلسطین کے مسئلے پروزیرِ اعظم کے مؤقف اور مسئلے کے حل کیلئے حکومتی سطح پر کی گئیں کوششوں پر وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس کے علاوہ منبر و محراب کو دورِ جدید میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل اور خاص طور پر سیرت کے مختلف پہلوؤں کی تعلیم و ترویج کیلئے استعمال کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم نے علماء مشائخ سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کی وحدت کی کوششوں کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔