اسلام آباد,10مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز) میں کورونا کے مریضوں کیلئے قائم وارڈ کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعظم نے پمز کے حکام، ڈاکٹرز اور طبی عملہ سے کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے دستیاب سہولیات کے بارے میں سوالات کیے۔ وزیراعظم نے وینٹیلیٹرز اور آکسیجن کی دستیابی کے حوالے سے بھی استفسار کیا۔ پمز حکام اور ڈاکٹرز نے وزیراعظم کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم کورونا کے علاج کیلئے قائم وارڈ میں بھی گئے جہاں انہوں نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور انکے علاج معالجے کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی کیا۔