وزیر اعظم کی قیادت میں  کشمیریوں اور فلسطینیوں کی لازوال حمایت جاری رکھیں گے؛ معاون خصوصی طاہر محمود اشرفی

44

لاہور ،23 مئی(اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور متحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینی آج پاکستانیوں کی لازوال حمایت پر شکر گذار ہیں، وزیر اعظم  عمران خان کی قیادت میں ہم فلسطینیوں اورکشمیریوں کے شانہ نشانہ ہیں، وزیر خارجہ نے جس طرح پوری دنیا بالخصوص مسلم اُمّہ سے فوری رابطے کئے اور فلسطینیوں کو غیر انسانی مظالم سے چھٹکارا دلانے کے لئے توانا تر آواز اٹھائی وہ بلاشبہ قابل تحسین ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےایوان وزیر اعلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی  علامہ طاہر محمود اشرفی نے  کہا کہ فلسطینیوں نے مسلسل اپنا خون دے کر تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہوا ہے ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں گے، وزیر اعظم فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کو بخوبی دیکھ رہے ہیں اور اسرائیل کی بربریت اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہترین سفارتی کاوشوں سےاب دنیا بھر  میں رائے عامہ استوار ہو رہی ہے علاوہ ازیں فلسطین امن مشن پر وزیر خارجہ نے جس طرح اقوام متحدہ میں مقدمہ پیش کیا وہ قوم کی بڑی کامیابی ہے۔

 علامہ طاہر اشرفی نے متحدہ علما بورڈ کے اہم اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کا احوال بیان کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ پاکستان کو اعتدال پسند اور مذہبی ہم آہنگی والا ملک بنانے کا عزم مستحکم ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے تمام ملکی اقلیتیں ہمراہ اور یکجا ہیں، ملک میں انتشار پھیلانے والوں کو کھلی چھٹی نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں کہ گذشتہ چھ ماہ میں جبری مذہب کی تبدیلی کا کوئی واقعہ رونما ہونے نہیں دیا گیا اور نہ ہی ہم کسی کو توہین مذہب اور توہین رسالت کی جرات کرنے دیں گے اس کے ساتھ ساتھ کسی کو ایسے حساس قوانین کا ذاتی مفاد کی خاطر بے جا استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔

 معاون خصوصی  علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا  کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ کسی پر توہین مذہب کے حوالے سے غلط مقدمہ درج ہوا ہے تو وہ ہم سے رابطہ کرے، متحدہ علما بورڈ  تحقیق کے بعد فوری مصالحت کروائے گا۔

تعلیمی نصاب پنجاب کی تیاری کے حوالے سے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی طرف سے جاری شدہ ایکٹ کے تحت ہمیں یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ ٹیکسٹ بک بورڈ کے زیر نگرانی شائع ہونے والی تمام کتابوں میں شامل اسلامی مواد پر متحدہ علما بورڈ غوروخوض جاری رکھے گا اور بورڈ کی منظوری سے اب تک پچاسی کتب شائع ہو چکی ہیں۔

 پریس کانفرنس کے موقع پر متحدہ علما بورڈ کے ڈاکٹر راغب نعیمی علامہ محمد حسین اکبر علامہ زبیر احمد ظہیر رشید قمرضیا اللہ شاہ و دیگر علاقائی کرام بھی موجود تھے۔