وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی  ملاقات

20

لاہور28مئی (اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے  ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ہم آہنگی کے فروغ اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے  ہر ضلع کی یکساں ترقی کے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کی تعریف کی اور کہا کہ آپ نے ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے شاندار علم دوست اقدام اٹھایاہے پسماندہ اضلاع کی ترقی کے لئے آپ نے بہترین پلاننگ کی ہے-ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کورونا وباء پر قابو پانے کے لئے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے بد قسمتی سے اپوزیشن شروع دن سے ہی حکومت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتی آرہی ہے ان رکاوٹوں کے باوجود ہم عوام کی خدمت کے سفر کو آگے لے کر گئے ہیں -انہوں نے کہا کہ افسوس کامقام ہے کہ کورونا کے قومی چیلنج پر بھی یہ عناصر پوائنٹ سکورنگ سے باز نہ آئے جہاں قوم کو یکجا کرنے کی ضرورت تھی، وہاں پر اپوزیشن نے ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اب مکافات عمل کا شکار ہو کراپنے انجام کو پہنچ چکا ہے-سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت کے سامنے ان کی کوئی حیثیت نہیں منزل کی طرف گامز ن ہیں، پہلے کی طرح اب بھی کسی رکاوٹ کو ترقی کے سفر میں آڑے نہیں آنے دیں گے -انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام سے تعلیم تک رسائی کا مشن پورا ہوگا-