مظفرگڑھ، 31مئی2021 (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا “خدمت آپکی دہلیز پر” پروگرام ایک انقلابی پروگرام ہے جس سے گلی محلوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ کا خاتمہ، سٹریٹ لائٹس کی مرمت، بحالی اور تنصیب وغیر جیسی بنیادی سہولیات عوام کو ان کے گھروں کے دہلیز پر میسر ہوگی، یہ بات انہوں نے سول سوسائٹی، انجمن تاجران اور میڈیا کے نمائندگان کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت بلدیاتی اداروں کے اہلکار اپنی اپنی حدود میں اپنے فرائض سرا نجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر اپنے شہر، گلی محلوں اور شاہرات کو صاف ستھرا بنانا ہے اس کام میں سب انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کا ساتھ دیں کیونکہ ایک ایک اینٹ سے مل کر ہی عمارت بنتی ہے، انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مرکزی شاہرات، چوکوں، گلی محلوں کی صفائی، سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور تنصیب کا کام کیا جارہا ہے، شہر کی صفائی، کوڑا کرکٹ کی تلفی، وال چاکنگ کے خاتمے کیلئے گلی محلوں کی سطح پر ٹیمیں بنائی گئی ہیں جس کی ذمہ داری متعلقہ سپروائزر پر ہے، جو بھی شکایت موصول ہوگی اس کو ترجیح بنیادوں پر حل کی جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے سی او میونسپل کارپوریشن خان محمد کو ہدایت کی کہ شہر میں سیوریج کے مسائل کا مستقل حل نکالاجائے، ضروری اورکم لاگت کی سکیموں کی فہرست بنائی جائے اور 20سے 25لاکھ روپے تک کی سکیموں کے ٹینڈر جاری کئے جائیں، شہر کی شاہرات پر ضروری مرمت کے کام کا تخمیہ لگایا جائے، گارڈن روڑ کی مرمت اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا تخمیہ لگایا جائے اور فوری کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہر سے تجاوزات کے مستقل خاتمے کیلئے منصوبہ بنایا جائے اور فوری آپریشن کیا جائے۔
اس موقع پر جنر ل سیکرٹری انجمن تاجران عامر سلیم نے کہا کہ انجمن تاجران شہر کی تعمیرو ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلا امتیاز آپریشن کیلئے انجمن تاجران ہر ممکن تعاون کرے گی۔
ام کلثوم نے کہا کہ شہر کی صفائی، چوکوں کی خوبصورتی، گرین بیلٹ جیسے کام انتظامیہ کا احسن اقدام ہے، ہم حکومت پنجاب اور انتظامیہ کے مشکور ہیں جنہوں نے عوام کی مسائل کی طرف توجہ دی اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر ان کو حل کیا جارہا ہے۔
اجلاس میں ملک خیر محمد بدھ، ملک جاوید اختر، افضل چوہان، امیر حسن، سعدیہ نواز، حرا بٹ، مقامی صحافی عامر چانڈیہ، شہزاد بخاری، راؤ کامران، ماجد رحیم خانزادہ سمیت سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کے نمائندگان نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف مقامات پر شاہرات، گلی محلوں میں صفائی، کوڑا کرکٹ کی تلفی، وال چاکنگ کا خاتمہ، سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور تنصیب کا کام بھی جاری رہا۔
اے پی پی/محمد کامران خانزادہ /فرح