نیویارک،21مئی (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں سیز فائر کے فیصلے کو مسلم امہ کی سفارتی کاوشوں کا ثمر قرار دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر میں صدر جنرل اسمبلی والکن بوذکر کی زیر صدارت وزارتی اجلاس سے خطاب میں کیا۔وزیر خارجہ نے فلسطین کے حوالے سے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے کامیاب اور بروقت انعقاد پر صدر جنرل اسمبلی جناب والکن بوذکر کا شکریہ ادا کیا۔وزیرخارجہ نے اسرائیل کی جانب سے سیز فائر کے فیصلے کو مسلم امہ کی سفارتی کاوشوں کا ثمر قرار دیا۔
اجلاس کا انعقاد ٹرسٹی شپ کونسل چیمبر میں کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب، ترکی، فلسطین، مالدیپ، الجیریا اور انڈونیشیا سمیت اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے وزرائے خارجہ کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔