وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے بار ایسوسی ایشنوں کے وفود  کی  ملاقات، وکلاء  کے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی فراہمی کا مطالبہ

39

اسلام آباد، 24مئی (اے پی  پی):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے بار ایسوسی ایشنوں کے وفود نے  پیر کو  یہاں ملاقات کی  جس  دوران ملتان اور راولپنڈی بار نے حکومت سے اپنے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے  کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کی ضامن ہو گی، ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے الیکٹورل ریفارمز وقت کی اہم ضرورت ہیں، ایسے انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

انہوں  نے  کہا کہ وکلاءبرادری کے مسائل سے آگاہ ہیں، ان کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، آئندہ دور ڈیجیٹل ہے، لیگل سسٹم کی مضبوطی کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور ریفارمز ضروری ہیں، وکلاءکو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ورکشاپس کا انعقاد بھی کروائیں گے۔

وکلاء نے ورکشاپ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ کا خیرمقدم کیا  اور کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔وکلاءبرادری نے حکومت کے الیکٹورل ریفارمز کو آگے بڑھانے کے عمل کو سراہا۔

 وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ میرا خاندان سیاست یا وکالت کے پیشے سے پہچانا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  وکلاءکو پروفیشنل  قرضہ جات  فراہم کئے جائیں گے، 45 سال سے کم عمر کے وکلاءکو اپنے چیمبرز تعمیر کرنے کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت 10 لاکھ روپے تک کا آسان قرضہ فراہم کیا جائے گا۔انہوں  نے  کہا کہ تمام وکلاءاور صحافیوں کے لئے وزیراعظم کی نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم میں 10 مرلے تک کے گھر کے لئے 60 لاکھ روپے تک کے قرضہ کی فراہمی کی تجویز زیر غور ہے جبکہ  ہائی کورٹ اور سیشن کورٹس میں ویکسینیشن سینٹرز کے قیام کے لئے وفاقی وزیر اسد عمر سے بات ہوئی ہے، آئندہ چند روز میں اس پر مزید پیشرفت متوقع ہے اورصحافیوں اور وکلاءکیلئے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کیلئے بھی کاوشیں کریں گے۔

راولپنڈی ڈویژن کے وکلاءکے لئے ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مطالبہ پر وفاقی وزیر نے کمشنر راولپنڈی کے ساتھ وکلاءکی ملاقات کی یقین دہانی کروائی۔

ملاقات میں ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے وفد میں صدر عبدالرزاق خان اور سیکریٹری شہزاد علی بھٹی سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان شامل تھے جبکہ   ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے وفد میں صدر رضوان اختر اعوان اور جنرل سیکریٹری عمران یوسف نیازی، نائب صدر انصر محبوب، جوائنٹ سیکریٹری عائشہ اشتیاق، ایگزیکٹو ممبران سدرا اشرف رانا، رقیہ، ساجد تنولی، اکمل عباسی، بابر نوید، جنید اختر، توقیر محمود، سخاوت حسین شاہ، فائنس سیکریٹری غیاث اور لائبریری سیکریٹر امجد اعوان شامل تھے۔

ملاقات  میں پنجاب بار کونسل کی قیادت بشارت اﷲ خان، اسد محمود عباسی، چوہدری آصف محمود لکھن، فرخ عارف بھٹی اور توفیق آصف بھٹی  بھی موجود  تھے جبکہ ہائی کورٹ بار ملتان کے وفد کی قیادت صدر ملک سجاد حیدر اور جنرل سیکریٹری سید ریاض نے کی۔