وفاقی وزیر سید فخر امام سے وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی ملاقات، گلگت بلتستان کا موسم انگورا ریبٹ اور ٹراوٹ کی افزائش کے لئے انتہائی موزوں ہے ، وزیراعلی

36

اسلام آباد۔25مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی و ریسرچ سید فخر امام سے ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کے وزیراعلی خالد خورشید نے کہا کہ پاکستان میں پھلوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے گلگت موزوں علاقہ ہے ، سیب، چیری اور گری دار میوے سمیت دیگرپھلوں کی پیداوار میں اضافے کے مواقع موجود ہیں۔ وزیراعلی خالد خورشید نے بتایا کہ موسمی حالات کی وجہ سے گلگت بلتستان میں گندم کی پیداوار میں رکاوٹیں آ رہی ہیں اس لئے وفاقی حکومت کو چاہئے کہ وہ گندم کے بیج کی مقامی سطح پر تیاری کے لئے جی بی حکومت کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرے۔ انہوں نے کہاکہ جدید تحقیق نہ ہونے کی وجہ سے بھاری مقدار میں پھل ضائع ہو جاتے ہیں اس لئے پھلوں کو تحقیق کے ذریعے ہی خراب ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ وزیراعلی گلگت بلتستان نے مزید بتایا کہ اس وقت علاقے میں صرف دو فیصد زمین کو سیراب کیا جا سکتا ہے ، اگر لفٹ فارمنگ متعارف کروائی جائے تو درختوں کی کاشت کے لئے 50فیصد تک زمین کو قابل کاشت بنایا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر سید فخر امام نے یقین دلایا کہ گلگت بلتستان حکومت کا پاسکو پر انحصار کم کرنے کے لئے پی اے آر سی کے ذریعے 50 ملین ٹن گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کا موسم انگورا ریبٹ اور ٹراوٹ کی افزائش کے لئے انتہائی موزوں ہے جبکہ چیری کی معیاری اور محفوظ پیکنگ کے لئے جدید فارمز کا قیام عمل میں لایا جانا چاہئے۔سید فخر امام نے مزید کہا کہ جی بی حکومت کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے بہترین حکمت عملی ترتیب دینا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان جغرافیائی لحاظ سے پاکستان کا انتہائی حساس علاقہ ہے، اس ضمن میں وفاقی حکومت علاقے میں سروے اور تحقیق کے لئے بھرپور افرادی قوت فراہم کرے گی۔اس موقع پر وزارت کے اعلی حکام کی جانب سے تجویز دی گئی کہ گلگت بلتستان میں سویا بین کی آزمائشی بنیادوں پر کاشت اور ہائیڈرو پونک فارمنگ متعارف کروائی جانی چاہئے۔ وفاقی وزیر سید فخر امام نے وزیراعلی کو گلگت بتستان میں زرعی ترقی کے لئے اپنی وزارت کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔