اسلام آباد،31مئی (اے پی پی):پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں قومی اسمبلی کی میزبانی میں پارلیمانی اسمبلی برائے اقتصادی تعاون تنظیم (پیکو) کی دوسری جنرل اسمبلی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کل ہوگی، یکم جون سے شروع ہونے والی کانفرنس 2 جون 2021 کو اختتام پذیر ہوگی۔ کانفرنس میں افغانستان، ترکی، ازبکستان، تاجکستان، آذربائیجان، قزاخستان اور کرغزستان کے سپیکر شرکت کریں گے جبکہ ایران اور ترکمانستان کے سپیکرز وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔
کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر استقبالیہ خطاب کریں گے۔ استقبالیہ خطاب کے بعد افغانستان، آذربائیجان، ایران ، کرغزستان ، تاجکستان ، ترکی، ازبکستان، قزاخستان کے خطاب شامل ہوں گے۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع علاقائی اتحاد کے لئے پارلیمانی شراکت کو فروغ دینا ہے۔
کانفرنس میں شریک شرکاء ای سی او کے ممبر ممالک کے مابین بین پارلیمانی تعاون پر غور کریں گے،کانفرنس میں تجارت، سیاحت اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کے راستے تلاش کرنے پر غور و غوض کیا جائے گا۔ بین الاقوامی اہمیت کی حامل یہ کانفرنس سپیکر اسد قیصر کے خصوصی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔کانفرنس باہمی امن اور خوشحالی کے ایجنڈے کو مستحکم کرنے کے لئے بین پارلیمانی رابطوں پر مرکوز ہے۔
کانفرنس کے پہلے دن یعنی یکم جون 2021 کو بریک آؤٹ سیشن ، پینل کی سطح پر کی جائے گی۔اس بریک آوٹ سیشن میں علاقائی رابطے کے ایجنڈے کی نمائندگی خواتین اراکین پارلیمنٹ کریں گی اور موسمیاتی تبدیلی کے کے موضوع پر شریک ممالک کی خواتین پارلیمنٹیرینز کے کردار کو مزید موثر کرنے پر بحث کی جائے گی۔ کانفرنس میں خطے میں پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کی راہ میں کووڈ۔ 19 کی وبا کے اثرات پر پینل تبادلہ خیال کرے گا۔
کانفرنس کے دوسرے دن 2 جون 2021 کو تجارت اور رابطے کو بڑھانے، راہداری تجارت کو آسان بنانے پر بحث ہو گی۔جس میں باہمی رابطے کو فروغ دینے ، سیاحت کو ترقی اور غربت کے خاتمے کو زیر غور لایا جائے گا۔ ای سی او ریجن میں سیاحت کو فروغ دینے میں پارلیمنٹ کے کردار پر پینل کی سطح پر بحث ہوگی۔
کانفرنس کی اختتامی تقریب 2 جون کو ہوگی۔ کانفرنس کا اختتام مہمان خصوصی، مہمان سپیکرز ، وفد کے سربراہان اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے اظہار تشکر کے کلمات سے ہو گا۔