اسلام آباد،17مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، توانائی، سیاحت اور افرادی قوت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی بہت گنجائش ہے، پاکستان سے ہنر مند اور نیم ہنر مند افرادی قوت کی سعودی عرب کو فراہمی سے معیشت کو بہتر بنانے اور ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں 7 سے 9 مئی تک سعودی عرب کے کامیاب دورے کے حوالے سے پیشرفت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
سیکرٹری خارجہ نے اجلاس میں وزیراعظم کے دورے کی پیشرفت کے حوالے سے پریزنٹیشن دی۔
وزیراعظم نے سعودی عرب میں پرجوش میزبانی اور بالخصوص معیشت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ سعودی قیادت کی طرف سے قریبی تعاون میں گہری دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ دورے کے دوران ہونے والے فیصلوں پر فوری اور بھرپور پیشرفت کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاہدوں پر عملدرآمد پر خصوصی زور دیا۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو یہ فریضہ تفویض کیا کہ وہ ایک خاص مدت کے اندر دونوں ممالک کے فائدے کیلئے متعلقہ سعودی وزارتوں کے ساتھ قریبی رابطے کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تجارت، توانائی، سیاحت اور سعودی عرب کو افرادی قوت کی فراہمی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی بہت گنجائش ہے۔
انہوں نے سعودی وژن 2030ء کا ذکر کرتے ہوئے آنے والے عشروں میں پاکستان کی ہنر مند اور نیم ہنر مند افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع کے حوالے سے کہا کہ اگر اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے تو پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے اور ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی تعلقات کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے بھرپور اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔