پاکستان اور چین کے  سفارتی وتجارتی تعلقات سے ترقی کے نئی راہئیں کھلی ہیں، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید

21

گلگت، 21 مئی(اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتے جارہے ہیں۔ دونوں ممالک کے سفارتی وتجارتی تعلقات سے ترقی کے نئی راہیں کھلی ہیں۔

پاک چائنہ سفارتی تعلقات کے شاندار70 سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےخالد خورشید نے کہا کہ قراقرم ہائیوے کی تعمیر دونوں ملکوں کے دوستی کی لازوال مثال ہے جبکہ ون بلٹ ون روڈ کے تحت سی پیک کا منصوبہ دونوں ممالک اور پوری دنیا میں تجارت کے فروغ کیلئے اہم منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاک چائنہ تعلقات مذید مستحکم ہونگے اور دونوں ممالک کے مابین اعتماد میں مذید اضافہ ہوگا، سی پیک جیسے اہم منصوبے سے معاشی استحکام آئیگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاک چائنہ دوستی کو عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، گلگت بلتستان سی پیک کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیراعلیٰ نے پاک چین سفارتی تعلقات کے70سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔