کوئٹہ ، 21مئی(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف سینٹرل ریجن بلوچستان،پی ٹی آئی کوئٹہ سٹی اور آئی ایس ایف کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے پاکستان تحریک انصاف سینٹرل ریجن بلوچستان کے ترجمان آصف ترین کوئٹہ سٹی کے سینئر نائب عالم کاکڑ، آئی ایس ایف کے داود شاہ کاکڑ،زولیخا مندوخیل، اوردیگر نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطین میں انسانی آبادی اور نہتے شہریوں پرحملے سب سے بڑی دہشت گردی ہیں فلسطینی شہری آبادی اور بے گناہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں اسرائیل کانہتے فلسطینی عوام پر طاقت کا بے رحمانہ استعمال انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی عوام کی حمایت اوران کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری قوم نے جس منظم انداز میں فلسطین کی پکار پر لبیک کہا اور پوری قوم فلسطینیوں کی زبان بنی وہ دوسرے مسلم اقوام کے لیے بھی قابل تقلید ہے، اسرائیل نے جس بربریت اور ظلم کا مظاہرہ کیا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان کے بابرکت مہینے سے اسرائیل نے فلسطین پر ظلم اور بربریت کا بازار گرم کیا ہے اور اس کی مذمت پوری دنیا نے کی لیکن جس بھرپور طریقے سے پاکستان نے دنیا کو آگاہ کرنے اور اسرائیل کی بربریت روکنے کیلئے کردار ادا کیا وہ قابل تقلید ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی وزارت خارجہ نے بھرپور طریقے سے اسلامی ممالک کو منظم کرنے اور پوری ممالک کے عوام تک اپنی آواز پہنچانے میں فرنٹ لائن میں رہ کر کام کیا انہوں نے کہاکہ فلسطینی مسلمانوں کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے،شہری آبادی پر حملہ کر کے بے گناہ افراد اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانا جنگی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے جس پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر کی طرح آج بلوچستان بھرمیں بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے اور پاکستان کے عوام اس مشکل کی گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اے پی پی/کوئٹہ/فرح