پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کو ترقی کی  راہ کی جانب  گامزن کر چکی ہے؛ وفاقی وزیر اسد عمر

136

جیکب آباد،31جنوری  (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا  ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کو ترقی کی  راہ کی جانب  گامزن کر چکی ہے،پی ٹی آئی ملک بھر میں نوکریاں بھی دے گی۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں  ورکرز کنونشن  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر ، محمد   میاں سومرو سے تعزیت اور اسلم ابڑو سے ملاقات کرنے جیکب آباد پہنچے  تھے ۔انہوں  نے   وفاقی وزیر برائے  نجکاری محمد میاں سومرو سے تعزیت    اور پی ٹی آئی رکن سندھ اسلم ابڑو سے ملاقات   بھی کی،اسد عمر کے ہمراہ حلیم عادل شیخ،پی ٹی آئی سکھر کے ریجنل جنرل سیکٹری مبین خان جتوئی بھی ساتھ تھے،وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو اور رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

ورکرز کنونشن کی تقریب    سے خطاب میں   وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ ہم جیکب آباد کی خوشحالی کے لیے بغیر کسی کی دعوت کے آئے ہیں،ہم پتا ہے کہ جیکب آباد کی عوام سے پیپلز پارٹی کی وڈیروں نے کیا حالت کی ہے ،ہمیں سب دکھائی دے رہا ہے،اسلم ابڑو اور ہم ساتھ ملکر جیکب آباد کی ترقی کے لیے جلد نئے منصوبے لا رہے ہیں،جیکب آباد کی ترقی کے لیے  وزیراعظم پاکستان عمران خان صاحب کو جلد جیکب آباد لا رہے ہیں،ہم آپ کو یقین دلا رہے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کو ترقی کی  راہ کی جانب  گامزن کر چکی ہے،پی ٹی آئی ملک بھر میں نوکریاں بھی دے گی،رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو جیکب آباد کی عوام کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں،ہم مل کر پاکستان کی عوام اور جیکب آباد کی عوام کو پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں سے نجات دلائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پچھلے 70 سال سے ملک کو تباہی کے علاوہ کچھ نہیں دیا،ہم پاکستان تحریک انصاف کے ورکز کو اپیل کرتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ساتھ دیں تاکہ ملک کی ترقی کے لیے وہ پاکستان کے کرپٹ ٹولے کو جیل بھیج کر پاکستان کا لوٹا ہوا پیسہ اپنے ملکی خزانوں میں لاکر ملک کی خوشحالی کی طرف گامزن ہوسکے۔