واشنگٹن (امریکہ)،27مئی(اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی بین الاقوامی سطح پر ایک پُل کا کردار ادا کرتے ہیں، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے گرا قدر خدمات ہیں۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں عام لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
گونر پنجاب نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں جاری ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان ، مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے پر امن حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کشمیر و فلسطین کے تنازعات اور وہاں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں واشنگٹن میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، پاکستان کے لئے ایک اثاثہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ایک نمایاں رول ماڈل ہیں جنھوں نے تارکین وطن کے حقوق کے لئے انتھک محنت کی۔
تقریب کا انعقاد پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے اعزاز میں کیا گیا تھا۔ تقریب میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے ممتاز ممبران بشمول تاجروں ، اکیڈمیا ، پیشہ ور افراد ، میڈیا اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔