ملتان،24 مئی(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی مضر صحت خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف ہمہ وقت کوشاں ہے، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ملتان اور مضافاتی علاقوں میں کارروائیاں جاری ، بھاری جرمانے عائد کر دئیے گئے ہیں۔ 720 ہیچری سے مسترد انڈے، 80 لٹر ناقابل سراغ اجزاء، 60 لٹر غیر معیاری مشروبات اور 10 کلو چائنہ سالٹ تلف کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ تیار خوراک میں مردہ حشرات پائے جانے پر سنیکس یونٹ کو 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، پانی کے پائپ میں پھپھوندی لگے ہونے اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ بیکری مصنوعات میں ہیچری کے انڈوں کے استعمال پر بیکرز پروڈکشن یونٹ کو 20 ہزار جرمانہ کر دیا گیا ہے، مشروبات کی برکس ویلیو صفر ہونے پر بیوریجز یونٹ کو 16 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور کہا خوراک میں مضر صحت اجزاء کا استعمال انسانی صحت کےلیے نقصان دہ ہےپنجاب فوڈ اتھارٹی خوراک کا معیار بہتر بنانے کےلیے تمام تر توانائیاں صرف کیے ہوئے ہے۔