پولیس اہلکاروں کو حفاظتی ویکسینیشن ترجیحی بنیادوں پر لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے: آئی جی پی خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی

30

پشاور، 28 مئی(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج ریجنل پولیس افسران کے ساتھ منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس کی صدارت کی، جس میں صوبے میں رواں سال کے دوران امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

 ریجنل پولیس افسروں نے آئی جی پی کو اپنے اپنے ریجن میں امن و امان، دہشت گردی اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

 انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے گئے پولیس اقدامات کی تعریف کی اور کانفرنس کے شرکاءکو ہدایت کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور صوبے میں قائم امن اور خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والے ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ کووڈ-19 کے خلاف پولیس اہلکار فرنٹ لائن کاکردار نہایت خوش اسلوبی اور کامیابی کے ساتھ ادا کررہے ہیں اورکہا کہ پولیس اہلکاروں کو حفاظتی ویکسینیشن ترجیحی بنیادوں پر لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے ہر آزمائش کی گھڑی میں اپنی خداداد صلاحیتوں کو منواکر وابستہ توقعات سے بڑھ کر کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اُمید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی انہی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کامیابیاں سمیٹتی رہے گی۔